عمران خان کی ضرورت سے زیادہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں آرہی ہیں: عدالت

Published On 04 April,2023 11:21 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں عمران خان کے خلاف تھانہ سنگجانی مقدمے میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی تو جج نے ریمارکس دئیے کہ عمران خان کی ضرورت سے زیادہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں آ رہی ہیں۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جوادعباس نے الیکشن کمیشن فیصلے کے خلاف احتجاج کرنے پر عمران خان کے خلاف تھانہ سنگجانی میں دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج مقدمے کے خلاف کیس کی سماعت کی، عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھہ اور پراسیکیوٹر عدنان علی عدالت میں پیش ہوئے۔

وکیل نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی۔

جج نے ریمارکس دئیے کہ بہت زیادہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں آگئی ہیں، ایک کے بعد ایک آرہی ہیں، عمران خان کی ضرورت سے زیادہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں آرہی ہیں۔

عمران خان کے وکیل علی بخاری نے کہا کہ 6 اپریل کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت ہے۔

جس پر جج راجہ جواد عباس نے ریمارکس دئیے کہ تو پھر 6 اپریل کو اس عدالت میں بھی عمران خان کی درخواست ضمانت پر سماعت رکھ لیں؟ اپنے کیریئر میں آج تک میں نے ایسی عدالت نہیں چلائی جیسے آپ کی وجہ سے چلانی پڑی۔

جج نے مزید ریمارکس دئیے کہ آج عدالت واقعی عدالت لگ رہی ہے کیونکہ غیر متعلقہ لوگ عدالت میں موجود نہیں، میری عدالت میں 700 ملزمان کے کیس کی سماعت بھی ہو چکی ہے، آئندہ عدالت میں صرف متعلقہ افراد کو آنے کی اجازت دی جائے گی۔

 

بعدازاں انسداد دہشتگردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس نے عمران خان کی عبوری ضمانت میں 18 اپریل تک توسیع کردی۔

یاد رہے کہ 22 اکتوبر کو سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تھانہ سنگجانی میں دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہے۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی نااہلی کے خلاف احتجاج کرنے پر سابق وزیر اعظم، اسد عمر اور علی نواز سمیت 100 سے زائد کارکنان کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔