لاہور: (دنیا نیوز) سابق چیئرمین وزیر اعلیٰ شکایات سیل اور چودھری پرویز الہٰی کے قریبی ساتھی زبیر احمد خان کو 38 روز بازیاب کرا لیا گیا۔
سابق چیئرمین وزیر اعلیٰ شکایات سیل زبیر احمد خان کو 38 دن پہلے ان کے گھر کے باہر سے اغوا کیا گیا تھا، لاہور ہائیکورٹ پنڈی بینچ میں جسٹس چودھری عبدالعزیز نے وزارت دفاع کو اغوا شدہ افراد کو 17 اپریل تک بازیاب کرنے کا حکم جاری کر رکھا تھا۔
زبیر احمد خان کو کل اینٹی کرپشن کے حوالے کر کے ایک جھوٹا پرچہ درج کیا گیا، اینٹی کرپشن کی عدالت میں ان کے وکیل عامر سعید راں نے زبیر احمد خان کی پیروی کی، آج اینٹی کرپشن عدالت نے زبیر احمد خان کو جھوٹے مقدمے سے باعزت بری کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: پارلیمنٹ میں آئین کا تماشا بنانے والوں کو عوام نشان عبرت بنا دیں گے: پرویز الہٰی
رہائی کے بعد زبیر احمد خان نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی، اس موقع پر چودھری پرویز الہٰی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اور ہمارے ساتھیوں کو عمران خان سے وفاداری نبھانے کی سزا دی جا رہی ہے، انشاء اللہ جھوٹے مقدموں سے باعزت سرخرو ہوں گے۔
چودھری پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ ہم نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی سیاست کی ہے، مخالفین کو لاکھ کوششوں کے باوجود کوئی ثبوت نہیں مل رہا، اس لیے وہ ہمارے ساتھیوں اور عزیزوں پر جھوٹے پرچے درج کروا رہے ہیں، حکومت ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہے۔