سکیورٹی فورسز کا زرملان میں آپریشن، 8 دہشتگرد ہلاک، 2 جوان شہید

Published On 15 April,2023 10:23 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک جبکہ فرائض کی ادائیگی میں 2 جوان وطن عزیز پر قربان ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کیخلاف آپریشن جنوبی وزیرستان کے علاقے زرملان میں کیا، دوران آپریشن سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے، ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 جوان وطن عزیز کی خاطر جام شہادت نوش کر گئے، شہید ہونے والوں میں لانس نائیک شعیب علی اور سپاہی رفیع اللہ شہید شامل ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شہید سپاہی رفیع اللہ کا تعلق لکی مروت جبکہ شہید لانس نائیک شعیب علی پارہ چنار کا رہائشی ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔