ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کا دفاعی پیداوار، قومی معیشت میں کلیدی کردار ہے: آرمی چیف

Published On 11 April,2023 06:09 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کا دورہ کیا جہاں چیئرمین ایچ آئی ٹی نے ان کا استقبال کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کا دورہ کیا جہاں انہیں ایچ آئی ٹی کی فنی صلاحیتوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف نے مسلح افواج کی ضروریات بین الاقوامی معیار کے مطابق پورا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور ایچ آئی ٹی کو جدید ادارے میں تبدیل کرنے کیلئے افسران اور افرادی قوت کے عزم کو سراہا۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اپنے اہلکاروں کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایچ آئی ٹی علمی معیشت اور ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کا مرکز ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مزید کہا ہے کہ ایچ آئی ٹی دفاعی پیداوار میں خود انحصاری، قومی برآمدات اور معیشت میں حصہ ڈالنے کیلئے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
 

Advertisement