دہشت گردوں کا کوئی مذہب اور نظریہ نہیں، مل کر نمٹیں گے، آرمی چیف

Published On 18 February,2023 09:41 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کور ہیڈ کوارٹرز کراچی کا دورہ کیا، کور کمانڈر کراچی نے ان کا استقبال کیا، دورہ کے دوران آرمی چیف کراچی پولیس آفس (کے پی او) بھی گئے۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کے ساتھ وزیر اعلیٰ سندھ بھی موجود تھے، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو کراچی پولیس آفس میں دہشت گردی کے واقعے کی بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب اور نظریہ نہیں، کوئی قوم اس طرح کے چیلنجز کا سامنا صرف زمینی آپریشن سے نہیں کر سکتی، مل کر دہشتگردی سے نمٹیں گے۔

آرمی چیف نے کہا کہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کا تعاون ضروری ہے، ہم سب کا مستقبل خوشحال ہو گا، آرمی چیف نے جوانوں کی بہادری اور حوصلے کو سراہا، آرمی چیف اور وزیر اعلیٰ سندھ نے زخمیوں کی عیادت بھی کی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اور وزیر اعلیٰ سندھ نے کراچی پولیس آفس کے علاوہ پوسٹ گریجویٹ میڈیکل کالج کا بھی دورہ کیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ رات سی ٹی ڈی سندھ اور پاکستان آرمی کے ایس ایس جی کمانڈوز نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا تھا، آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن میں پاکستان رینجرز سندھ اور سندھ پولیس بھی شامل تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی پولیس آفس پر حملے کی تحقیقات کیلئے 5 رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی

شارع فیصل پر واقع کراچی پولیس چیف کے دفتر پر ہونے والے حملے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے جبکہ حملے میں 3 سکیورٹی اہلکار اور ایک سویلین شہید ہوا تھا۔
 

Advertisement