راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہم اپنے بیرونی دشمنوں کے مذموم عزائم سے با خبر ہیں، بیرونی دشمن مشکلوں سے حاصل کیے گئے بلوچستان کے امن کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بلوچستان کے علاقوں خضدار اور بسیما کا دورہ کیا، دورہ کے دوران سید عاصم منیر کو سکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو علاقے کو پرامن اور مخفوظ بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات بارے بھی بتایا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ ہم اپنے بیرونی دشمنوں کے مذموم عزائم سے باخبر ہیں ، بیرونی دشمن مشکلات سے حاصل کیے گئے بلوچستان کے امن کو خراب کرنا چاہتے ہیں، بلوچستان میں آپریشن عوام کی سماجی اور معاشی بہتری کے لیے جا رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دورے کے دوران افسروں اور جوانوں سے ملاقات بھی کی، آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے استقبال کیا۔
آرمی چیف نے غیر ملکی حمایت یافتہ دشمن عناصر کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے بہترین آپریشنل تیاری کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔