جو بھی بات چیت ہو گی آئین کے اندر ہی ہو گی، باہر نہیں جاسکتے، فواد چودھری

Published On 19 April,2023 11:15 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ ایک بات طے ہے آئین سے باہر نہیں جا سکتے، جو بھی بات چیت ہو گی آئین کے اندر ہی ہو گی۔

دنیا نیوز کے پروگرام "دنیا کامران خان کے ساتھ" میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ حکومت نے ابھی تک سپریم کورٹ کے حکم پر بات چیت کا ماحول نہیں بنایا، ہم تو پہلے دن سے کہہ رہے ہیں الیکشن فریم ورک پر ساتھ بیٹھیں، ہم تو کہہ رہے ہیں اسٹیبلشمنٹ، حکومت اور ہم میز پر بیٹھیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے تمام صوبائی نشستوں پر انتخابی ٹکٹ جاری کر دیئے، فواد چودھری

انہوں نے کہا کہ اس حکومت میں عجیب حرکتیں ہو رہی ہیں، یہ سمجھتے ہیں وہ منتخب ہو گئے اب الیکشن ہی نہیں ہوسکتے، بلاول، زرداری، مولانا فضل الرحمان کےبیانات مختلف ہوتے ہیں۔

فواد چودھری نے کہا کہ یہ اتحاد چوں چوں کا مربہ ہے، آئینی ترمیم پراتفاق رائے کرنا ہوگا، اگرایک تاریخ پرالیکشن چاہتے ہیں توسندھ و قومی اسمبلی کو تحلیل کرنا ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: ووٹ کا حق چھیننے والی پارلیمان کا ہر ممبر عوام کا مجرم ہے، فواد چودھری

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اگر اسمبلی تحلیل نہیں کرنا چاہتے تو پھر پنجاب میں الیکشن کرا دیں، خیبرپختونخوا الیکشن کے حوالے سے ابھی تک عدالتی آرڈر نہیں آیا، پنجاب الیکشن کے حوالے سے عدالتی آرڈر آچکا ہے اس لیے پنجاب کی بات کر رہے ہیں۔

Advertisement