وزیراعظم کا چینی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ ، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

Published On 27 April,2023 10:52 am

اسلام آباد: (دنیانیوز) وزیراعظم شہباز شریف اور چین کے وزیراعظم لی کیانگ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے ۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے چینی ہم منصب لی کیانگ  کو ٹیلی فون کیا ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے  دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر اعظم نے چینی ہم منصب کے اس اعلیٰ عہدے کے لیے حالیہ انتخاب پر مبارکباد پیش کی، وزیر اعظم نے چین کی پرامن ترقی اور بین الاقوامی امن اور استحکام کیلئے مثبت کوششوں کو سراہا ۔

ٹیلیفونک رابطے میں وزیر اعظم نے چین کے بنیادی مسائل بشمول "ون چائنا" پالیسی سمیت دیگر پر غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ۔

وزیراعظم کاکہنا تھا کہ جموں و کشمیر تنازع پر چین کے اصولی موقف پر مشکور ہیں ، بنیادی مسائل پر پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہیں ۔

چینی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کے ساتھ ہر وقت کھڑا رہے گا ، چینی ہم منصب نے پاکستان کی قومی ترقی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔  

نومبر 2022 میں وزیر اعظم کے دورہ چین اور صدر شی جن پنگ اور چینی قیادت کے ساتھ وسیع گفتگو کو یاد کرتے ہوئے، دونوں رہنماؤں نے سی پیک سمیت اہم شعبوں میں دو طرفہ تعاون کا جائزہ لیا۔

انہوں نے تمام شعبوں میں اپنے تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا تاکہ علاقائی امن، خوشحالی اور استحکام میں اپنا کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے ممالک کے لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے مشترکہ مقاصد کو حاصل کیا جا سکے۔
 

Advertisement