اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی نے مذاکرات کے لیے کسی ادارے کی ثالثی قبول نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کے زیرصدارت مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی نے وزیراعظم شہباز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہارکیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں انتخابات سے متعلق سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات کیلئے پارلیمان کا فورم استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں طے پایا کہ مذاکرات کے لیے کسی ادارے کی ثالثی قبول نہیں کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کا کام پنچایت لگانا نہیں، آئین کے مطابق فیصلے دینا ہے: وزیر اعظم
پارلیمانی پارٹی کے مطابق تمام اہم فیصلے پارلیمنٹ کے ذریعے کیے جائیں گے۔
اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ تمام اتحادی جماعتیں حکومت کے ساتھ ہیں، جمہوریت کی خاطر کسی قسم کی قربانی کے لیے بھی تیار ہیں، انہوں نے تمام لیگی ارکان اسمبلی کو اسلام آباد میں رہنے کی ہدایت کی۔