سعودیہ، ترکیہ اور مصر کی مدد سے پاکستانیوں کی سوڈان سے محفوظ واپسی شروع

Published On 24 April,2023 04:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جنگ زدہ ملک سوڈان سے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی کا پلان کامیاب ہو گیا۔

72 گھنٹے سے جاری خصوصی ہنگامی پلان کی نگرانی وزیراعظم شہباز شریف خود کر رہے تھے، 500 پاکستانی بحفاظت پورٹ سوڈان پہنچ گئے جہاں سے وہ پاکستان پہنچیں گے، 500 پاکستانیوں کی رہائش، خوراک کا انتظام بھی حکومت پاکستان نے کیا ہے، پاکستانیوں کی واپسی کیلئے دوست ممالک اور خطے میں پاکستانی سفارت خانے بھی مدد کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سوڈان سے پاکستانیوں کو ہوائی جہاز یا فیری کے ذریعے نکالا جائے گا: دفتر خارجہ

وزیر اعظم نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، حنا ربانی کھر، وزارت خارجہ کے حکام، سوڈان میں سفیر کو پاکستانیوں کی واپسی کا پلان کامیاب بنانے پر شاباش دی، شہباز شریف نے عسکری حکام اور تمام متعلقہ ذمہ داران کی انخلاء کی جامع حکمت عملی پر عملدرآمد کی تعریف کی، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو بھی خراج تحسین پیش کیا،

سوڈان میں جنگ کی وجہ سے پاکستانیوں کے انخلاء میں مشکلات اور خطرات کا سامنا تھا، حکومت نے پاکستانیوں کے انخلاء کیلئے محفوظ راستوں کا تعین کیا، پاکستانیوں کو چھوٹے چھوٹے گروہوں کی شکل میں خرطوم سے محفوظ مقامات پر پہنچایا جا رہا ہے، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر نے پاکستانیوں کے انخلاء میں خصوصی معاونت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے انخلاء میں مدد پر سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کی قیادت کا بھی شکریہ ادا کیا، سوڈان میں محصور پاکستانیوں کی سلامتی اور تحفظ سے متلعق اقدامات کی مسلسل نگرانی جاری تھی، پاکستانی سفارت خانہ بھی محصور پاکستانیوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، سوڈان میں ہیلپ لائن قائم ہے جس پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
 

Advertisement