وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے اراکین پارلیمنٹ کے اعزاز میں ظہرانہ

Published On 27 April,2023 03:08 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اراکین پارلیمنٹ کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔

وزیراعظم بھی ظہرانے میں شرکت کیلئے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے جہاں اراکین پارلیمنٹ نے ان کا استقبال کیا، شہباز شریف نے فرداً فرداً تمام اراکین کے پاس جا کر ملاقات کی اور تمام اراکین پارلیمنٹ کوعید کی مبارکباد بھی دی۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرادری بھی ظہرانے میں شرکت کے لئے پہنچے تو وزیر اعظم شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا۔

ظہرانے میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان تحریک انصاف کے 20 منحرف اراکین کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم سے سیاسی و حکومتی قانونی ٹیم کی ملاقات، انتخابات سے متعلق معاملات پر بریفنگ

اراکین پارلیمنٹ کے لئے وزیراعظم ہاؤس سے کھانا تیار کروایا گیا ہے، کھانے میں باربی کیو سمیت 6 ڈشوں کا اہتمام کیا گیا ہے جبکہ میٹھے میں فرنی، حلوہ اور فروٹ چاٹ بھی رکھی گئی ہے۔

ظہرانے کا اہتمام پارلیمنٹ ہاؤس میں سپیکر لاؤنج میں کیا گیا ہے جبکہ وفاقی وزراء اور کابینہ اراکین کے لئے الگ سے کھانے کا اہتمام کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم کی کفایت شعاری مہم کے تحت سرکاری دعوتوں میں ون ڈش کا اعلان کیا گیا تھا۔

اراکین پارلیمنٹ کے اعزاز میں ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملکی مجموعی صورتحال ارکان اسمبلی کے سامنے رکھ دی، ملک میں الیکشن ایک ہی روز ہونگے، پارلیمنٹ سپریم ہے اسکا فیصلہ قبول کرنا ہوگا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت ہر معاملے پر پارلیمنٹ کے فیصلوں پر عمل یقینی بنائے گی، کوئی کچھ بھی کر لے پارلیمنٹ کی بالادستی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔