پاکستان اور یورپی یونین کا دہشتگردی کے مقابلے کے عزم کا اعادہ

Published On 28 April,2023 08:20 pm

برسلز: (دنیا نیوز) انسداد دہشتگردی کیلئے پاکستان اور یورپی یونین نے دہشتگردی کا مشترکہ طور پر مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

پاکستان اور یورپین یونین کے مابین انسداد دہشتگردی پر برسلز، بیلجیئم میں جامع مذاکرات ہوئے جس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق مذاکرات دوطرفہ سٹریٹجک انگیجمنٹ فریم ورک میں سکیورٹی امور کے تناظر میں ہوئے جس میں پاکستان اور یورپی یونین نے ہرقسم کی دہشتگردی کی پر زور مذمت کی۔

دونوں ممالک کے درمیان پرتشدد انتہا پسندی، بنیاد پرستی اور دہشتگردوں کی مالی معاونت سے نمٹنے کیلئے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ افغانستان کی صورتحال کے سلامتی پر مضمرات سمیت علاقائی، عالمی چیلنجز کے امور بھی زیر غور آئے۔

مذاکرات میں پاکستان کو انسداد دہشتگردی کیلئے کاوشوں میں ٹھوس تعاون کی فراہمی کے طریقہ کار پر بھی غور کیا گیا۔

Advertisement