وزیراعظم کی بارشوں کی صورتحال پر وفاقی اور صوبائی اداروں کوالرٹ رہنے کی ہدایت

Published On 01 May,2023 02:48 pm

اسلام آباد: (دنیانیوز) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے بارشوں کی صورتحال پر وفاقی وصوبائی اداروں کو الرٹ رہنے اور شہریوں کی مدد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کردی ۔

ملک بھرمیں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ، اس حوالے سے وزیراعظم شہبازشریف نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو صورتحال کی کڑی نگرانی کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی ادارے صوبائی حکومتوں اور محکموں کے اشتراک عمل سے کام کریں، جہاں جس چیز کی ضرورت ہو، عوام کے تحفظ اور مدد کے لئے فراہم کی جائے اور جہاں ضرورت ہے وہاں عوام کو فوری محفوظ علاقوں میں منتقل کیا جائے۔

وزیراعظم نےنیشنل ہائی وے اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کو بین الصوبائی قومی شاہراہوں کی مانیٹرنگ کی بھی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ لسبیلہ میں کوئٹہ کراچی شاہراہ، اور بولان میں کوئٹہ سبی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی اور عوام کی سہولت کے لئے موثر انتظامات یقینی بنائے جائیں ۔

وزیراعظم نے کہا کہ مختلف شاہراہوں اور متاثرہ علاقوں میں عوام کو خبردار رکھا جائے ، عوام کی جان ومال کا تحفظ اولین ترجیح ہے ، بارشوں کی صورتحال میں شہری خدمات کے تمام محکمے الرٹ رہیں، قومی جذبے اور ذمہ داری کے احساس سے کام کریں ۔

وزیراعظم شہبازشریف نے عوام سے بھی اپیل کی کہ موسمی شدت کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور حکومتی اداروں سے تعاون کریں۔