اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں ایک ہی دن انتخابات کرانے کے حوالے سے حکومت اور تحریک انصاف کے مذاکرات کا تیسرا اور آخری دور آج ہو گا۔
حکومت اور تحریک انصاف کی باہمی رضا مندی کے بعد مذاکرات کا وقت تبدیل کر دیا گیا، مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس صبح 11 بجے ہونا تھا جو وقت کی تبدیلی کے بعد اب آج رات 9 بجے ہو گا، مذاکرات سینیٹ سیکرٹریٹ میں ہوں گے، اراکین کی مصروفیات کے باعث مذاکرات کا وقت تبدیل کیا گیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف اور حکمران اتحاد کے وفود آج رات 9 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں حتمی مذاکرات کرکے کسی نتیجے پر پہنچیں گے، قیادت کے مشورے کے بعد پی ٹی آئی اور حکمران اتحاد مذاکرات کے دوران اپنی اپنی تجاویز ایک دوسرے کے سامنے رکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن نہ ہوئے تو سڑکوں پر نکلیں گے: عمران خان کا اعلان
خیال رہے پی ڈی ایم بجٹ پیش کرنے تک حکومت برقرار رکھنا چاہتی ہے جبکہ تحریک انصاف 14 مئی تک حکومت کے خاتمے کی خواہشمند ہے، اس حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان بھی کہہ چکے ہیں کہ 14 مئی تک قومی اسمبلی تحلیل ہونے پر ایک ساتھ الیکشن کیلئے تیار ہیں۔
تحریک انصاف کے مذاکراتی وفد کے رکن فواد چودھری نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 70 فیصد مذاکرات کامیاب ہو چکے ہیں، ہم چاہتے ہیں بجٹ سے پہلے اور حکومت بجٹ کے بعد الیکشن چاہتی ہے، پرویز الہیٰ گھر پر حملے کے بعد ہم پر مذاکرات ختم کرنے کا بڑا پریشر تھا، عمران خان نے کہا مذاکرات جاری رکھیں۔
فواد چودھری نے مزید کہا ہے کہ حکومت کے لوگ ہمیں کہتے تھے کہ تحریک انصاف والے مذاکرات نہیں کرتے، ہم نے ان کی بات کو غلط ثابت کیا، ہماری مذاکراتی کمیٹی کی کوشش ہے معاملہ حل کی طرف جائے، خواجہ آصف، احسن اقبال مذاکرات کو سبوتاژ کر رہے ہیں، مخالفت کرنے والوں کو مریم نواز کی سپورٹ بھی حاصل ہوگی۔