لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی "مزدور ریلی" نکالی گئی، جس میں بڑی تعداد میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے شرکت کی۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا قافلہ اپنی منزل ناصر باغ پہنچا، کارکنان اپنے قائد کی ہدایت پر پیدل مارچ کرتے ہوئے ریلی میں شامل ہوئے، مرد و خواتین اور بوڑھے بھی ریلی کا حصہ بنے، ریلی مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے ناصر باغ پہنچی۔
تحریک انصاف کی ریلی کا آغاز لبرٹی چوک سے ہوا جو فیروز پور روڈ سے ہوتی ہوئی ایم اے او کالج پہنچی اور لوئر مال روڈ سے ناصر باغ کے مقام پر اختتام پذیر ہوئی، ریلی کا اچھرہ، مزنگ سمیت دیگر راستوں پر بھر پور استقبال کیا گیا۔
ریلی کے اختتام پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان گاڑی کے اندر ہی کارکنوں سے خطاب کیا، سکیورٹی خدشات کے باعث عمران خان کو گاڑی سے نکلنے سے روک دیا گیا، سابق وزیراعظم کے ساتھ ریلی میں مسرت جمشید چیمہ، اعظم سواتی، فیصل جاوید اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
ریلی شروع ہونے سے پہلے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جیمر والی گاڑی خراب ہو گئی، تکنیکی وجوہات کی بنا پر گاڑی خراب ہوئی، کلمہ چوک میں گاڑی کی تکنیکی خرابی دور کرنے کی کوشش کی گئی تاہم خرابی دور نہ ہونے کی صورت میں اسے واپس بھیج دیا گیا۔
واضح رہے پنجاب حکومت کی جیمر گاڑی پہلے بھی متعدد بار خراب ہوچکی ہے، عمران خان کی اسلام آباد پیشی کیلئے جاتے ہوئے موٹروے پر بھی خراب ہوئی، چیئرمین پی ٹی آئی کی داتا دربار ریلی میں بھی یہی گاڑی انجن گرم ہونے پر بند ہوگئی تھی۔