لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے چودھری پرویز الہٰی کے خلاف دہشتگردی کے مقدمے میں بھی 4 مئی تک حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔
جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے تحریک انصاف کے مرکزی رہنما چودھری پرویز الہٰی پر تھانہ غالب مارکیٹ میں دہشتگردی سمیت دیگر دفعات کے تحت درج مقدمے کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔
یہ بھی پڑھیں: پرویز الٰہی کی حفاظتی ضمانت منظور، عدالت نے فوری گرفتاری سے بھی روک دیا
عدالت عالیہ نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کو متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کر دی، چودھری پرویز الہٰی نے عدالت سے ایک ہفتے کی حفاظتی ضمانت منظور کرنے کی استدعا کی جس پر جسٹس علی باقر نجفی نے جواب دیا متعلقہ عدالت پاس ہی ہے۔
پرویز الہٰی کے وکیل نے عدالت کو بتایا ہائیکورٹ نے اینٹی کرپشن کے مقدمے میں 27 اپریل کو حفاظتی ضمانت منظور کی، اس کیس میں گرفتاری کیلئے پرویز الہٰی کے گھر چھاپہ مارا گیا، جسٹس علی باقر نجفی نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے گرفتاری والی ٹیم کو حفاظتی ضمانت کا تحریری حکم دیا تھا، جس پر وکیل نے کہا تحریری حکم نہیں ملا مگر پراسیکیوٹر جنرل کی گرفتاری والی ٹیم سے بات کروائی تھی۔