لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد کل اسلام آباد ہائیکورٹ پیش نہ ہونے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق عمران خان سے ملنے والی پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم میں خواجہ حارث، نعیم پنجوتھا، انتظار پنجوتھا اور حسان نیازی شامل تھے، عمران خان کے چیف آف سٹاف شبلی فراز نے بھی قانونی مشاورت میں شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کیخلاف 121 مقدمات کی فہرست اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع
عمران خان نے عدت کیس میں گواہان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، عدت کیس میں عمران خان گواہان کے بیانات قلمبند ہونے پر ہتک عزت کا دعویٰ دائر کریں گے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان عدت کیس کے گواہان مفتی محمد سعید اور عون چودھری کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: عدالتی اصلاحات بل: فل کورٹ بنانے،جسٹس مظاہرکوبنچ سےالگ کرنیکی استدعا مسترد
بتایا گیا ہے کہ توشہ خانہ کیس کے حوالے سے عمران خان کی قانونی ٹیم نے شہزاد اکبر سے رابطہ کر لیا، بیرون ملک مقیم شہزاد اکبر توشہ خانہ کیس کے لیے پی ٹی آئی لیگل ٹیم کو معاونت فراہم کریں گے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کی لیگل ٹیم کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جائے گی، عمران خان کی جانب سے بطور سابق وزیراعظم سکیورٹی لینے کی درخواست کر دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور ہائی کورٹ نے چودھری پرویز الہٰی کو گرفتار کرنے سے روک دیا
عمران خان کی جانب سے درخواست میں اپنی گاڑی کے اسلام آباد ہائیکورٹ میں داخلے کی درخواست دائر کی گئی، عمران خان نے اسلام آباد عدالتوں میں پیشی پر اپنی جان کو خطرہ قرار دیا ہے۔
ذرائع نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنی قانونی ٹیم سے اسلام آباد پولیس کی سکیورٹی پر شدید عدم اعتماد کا اظہار کیا۔