اسلام آباد : (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے پشاور چڑیا گھرکیلئے افریقن ہاتھی منگوانے کی اجازت کی درخواست مسترد کردی۔
جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں قائم تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، بنچ نے کنونشن کے تحت ناساز گاز ماحول کی وجہ سے ہاتھی لانے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ کنونشن کے تحت جانوروں کو پنجرے میں بند نہیں کیا جا سکتا، صوبائی حکومت نے محکمہ ماحولیات کی اجازت سے مشروط این او سی جاری کیا تھا۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ زمبابوے حکومت کا اجازت نامہ بھی کیس کے ہمراہ نہیں لگایا گیا، کیا زمبابوے کی حکومت نے ہاتھی لیجانے کی اجازت دی ہے،کمیٹی نے افریقن ہاتھی کو چڑیا گھر میں رکھنے کے عمل کو ناساز گار بتایا۔
درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے بتایا کہ ہاتھی کی امپورٹ کی اجازت کے دوران 4 کروڑ سے زائد کی رقم خرچ ہو چکی ہے، پشاور چڑیا گھر کیلئے دو ہاتھی امپورٹ کرنے کیلئے پہلے ہائیکورٹ اور پھر سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔