اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں تفتیش کا باضابطہ آغاز کردیا۔
تفتیشی ٹیم نے زبانی سوال و جواب کرنے کے ساتھ عمران خان کو ایک سوالنامہ بھی بھرنے کیلئے دیا ہے۔
عمران خان پر القادر ٹرسٹ کیس میں مبینہ کرپشن کا الزام ہے، انہیں پولیس لائنز اسلام آباد میں رکھا گیا ہے جسے سب جیل قرار دے دیا گیا، وہاں سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز القادرٹرسٹ کیس میں گرفتارعمران خان کو پولیس لائنزاسلام آباد میں قائم عدالت میں پیش کیا گیا، نیب نے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، تاہم عدالت نے سابق وزیراعظم کا 8 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں نیب کی تحویل میں دیدیا، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے خاص معالج ڈاکٹر فیصل کو بلانے کی استدعا کردی اور کہا کہ یہ ایک انجکشن لگاتے ہیں جس سے بندہ آہستہ آہستہ مرجاتا ہے، ڈرہےمیرے ساتھ مقصود چپڑاسی والا کام نہ ہو۔
قبل ازیں سابق وزيراعظم عمران خان کو سکيورٹی خدشات پر اسلام آباد پوليس ہيڈ کوارٹرز پہنچایا گیا، پی ٹی آئی چیئرمین کیخلاف کیسز کی سماعت کیلئے نيب کورٹ اور ڈسٹرکٹ کورٹ کو پوليس لائن ميں شفٹ کردیا گیا تھا۔