شیریں مزاری کی پمز منتقلی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر

Published On 15 May,2023 11:13 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایم پی او کے تحت گرفتار پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری کی جیل میں طبیعت ناساز ہوگئی، شیریں مزاری نے پمز منتقلی کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔

ایمان مزاری ایڈووکیٹ نے اپنی والدہ کی طرف سے درخواست دائر کی۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ شیریں مزاری کو ہائی بلڈ پریشر، فوڈ پوائزننگ اور پاؤں پر سوجن ہے، شیریں مزاری 72 سال کی ہیں، اڈیالہ جیل میں ان کا علاج ممکن نہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت شیریں مزاری کو علاج کیلئے پمز منتقلی کا حکم دے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کی مرکزی سینئر نائب صدر ڈاکٹر شیریں مزاری کو بھی گرفتار کیا تھا۔

شیریں مزاری کی بیٹی ایمان مزاری کا کہنا تھا کہ پولیس نے گھر کا محاصرہ کر رکھا ہے اور سی سی ٹی وی کیمرے بند کر دیئے ہیں۔