لاہور :(دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے القادرٹرسٹ کیس میں سابق وزیراعظم و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی حفاظتی ضمانت 23 مئی تک منظور کرلی ۔
سابق وزیراعظم و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی حفاظتی ضمانت کے لیے آج لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئیں ، عمران خان بھی بشری بی بی کے ہمراہ لاہور ہائیکورٹ آئے ۔
لاہور ہائیکورٹ میں بشریٰ بی بی کی درخواست پر جسٹس شہبازرضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی ، عدالت نے حفاظتی ضمانت کی درخواست 26 مئی تک منظور کرتے ہوئے نیب کو گرفتاری سے روک دیا ۔
اس سے قبل عدالت نے درخواست گزار بشریٰ بی بی کے پیش نہ ہونے پر ناراضی کا اظہار کیا تھا۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے حفاظتی ضمانت کیلئے خواجہ حارث ، انتظار پنجوتھہ اور علی اعجاز بٹر کی وساطت سے درخواست دائر کی تھی ، جس میں وفاقی حکومت ، نیب اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ نیب نے القادر ٹرسٹ کیس میں تحقیقات شروع کر رکھی ہے، نیب کی جانب سے جاری تحقیقات غیر قانونی ہیں، خدشہ ہے نیب کی جانب سے گرفتار کیا جا سکتا ہے ۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت سے رجوع کرنا ہے لہذا عدالت القادر ٹرسٹ کیس میں حفاظتی ضمانت منظور کرے ۔
واضح رہے کہ القادر ٹرسٹ کیس میں نیب ٹیم عمران خان کو 9 مئی کو گرفتار کر چکی ہے اور ابھی وہ دو ہفتوں کیلئے ضمانت پر ہیں۔