اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان تم آرام سے زمان پارک میں بیٹھو، جو آگ لگانی تھی وہ لگالی، دوبارہ آگ نہیں لگانے دیں گے، عوام ملک دشمنوں، دہشت گردوں کے ماسٹر مائنڈ کو مسترد کر چکے ہیں۔
عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عوام تمہاری دہشتگردی، ملک دشمنی کا حصہ بننے کو تیار نہیں ہیں، عمران خان کسے تیار رہنے کو کہہ رہے ہیں، دہشتگرد، مسلح جتھے اور غنڈے تو قانون کے مطابق گرفتار ہیں، عمران خان کسے آواز دے رہے ہو؟۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کو گرفتار کر کے کوئی ہدف حاصل نہیں کرنا تھا: مریم اورنگزیب
انہوں نے کہا شہیدوں کی یاد گاروں کی بے حرمتی کرنے والے تو گرفتار ہو چکے ہیں، کسے آواز دے رہے ہو، حساس سرکاری عمارتوں پر حملے کرنے والے دہشت گرد تو گرفتار ہیں، مساجد، سکولوں، مویشی منڈیوں اور مریضوں کو سڑک پر اتار کر ایمبولینسز کو جلانے والے گرفتار ہیں، اب کس کو آوازیں دے رہے ہو؟۔