اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے بیان کو اعتراف جرم قرار دے دیا۔
اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ تمہیں حملوں، دہشت گردی اور بلوائی کا بالکل ویسے ہی نہیں پتہ تھا جیسے تمہیں عدت میں شادی اور ٹیریان کے والد ہونے کا نہیں پتہ۔
انہوں نے کہا کہ حساس تنصیبات، عمارتوں، ایمبولینسز، بچوں، سکولوں، ہسپتال، مسجد اور جانور منڈی پر حملوں کے پیچھے تم اور تمہاری منصوبہ بندی ہے، شہدا اور غازیوں کی یادگاروں کی بے حرمتی کے پیچھے تم اور تمہاری منصوبہ بندی ہے جبکہ تم نے بار بار کہا کہ میں گرفتار ہوا تو حملہ کرنا ہے اور جس کی سوچی سمجھی منصوبہ بندی تم نے کی۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سب سے بڑے دہشتگرد ہی ملک پر حملہ آور ہوتے ہیں جس کے تم ماسٹر مائنڈ ہو، چیف آف آرمی سٹاف اور ڈی جی آئی ایس پی آر کا بار بار نام اِس لیے لے رہا ہے کہ وہ فارن ایجنٹ سے بند کمرے میں نہیں مل رہے، ایوانِ صدر میں کوئی خفیہ ملاقات نہیں ہو رہی اِس لئے بار بار آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس پی آر کو پکارا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری گھڑی میری مرضی نہیں یہ قوم کا 60 ارب ہے میری مرضی نہیں چلے گی، برطانیہ سے 190 ملین پاؤنڈ سپریم کورٹ کیوں گیا، تم اور تمہاری بیوی نے القادر ٹرسٹ میں 458 اور 254 کنال زمین ہڑپ کی، فارن فنڈنگ کی طرح فارن ایجنٹ اور اس کا ایجنڈا بھی پوری طرح بے نقاب ہوچکا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کو مشورہ دینے سے پہلے اپنی جماعت کا نام پاکستان تحریک دہشت گردی رکھ دیں، فارن ایجنٹ تمہاری ملک دشمنی، دہشت گردی اور مسلح جتھے ملک کے خلاف کھل کر سامنے آ گئی ہے۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ آپ کی ملک دشمنی، دہشت گردی اور مسلح جتھے بے نقاب ہوگئی ہے، ایمبولینس، سکول، ہسپتال، مسجد، میٹرو، موٹروے اور قومی اثاثوں پر حملہ آور صرف دہشت گرد اور ملک دشمن ہوتے ہیں۔