اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پنجاب اور خیبرپختونخوا میں گندم کی خریداری اور طلب و رسد کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گندم کی بھرپور فصل ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال گندم کی فصل کا فائدہ کسانوں تک پہنچانے کیلئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے، وزیرِ اعظم نے خیبرپختونخوا میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو قیمت کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کر دی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب سے خیبرپختونخوا کو 10 کلو کے 3 لاکھ آٹے کے تھیلے روزانہ مہیا کئے جا رہے ہیں، پنجاب گندم کی پروکیورمنٹ کے حوالے سے ٹارگٹ جلد پورا کر لے گا، خیبر پختونخوا کو پاسکو کی جانب سے 80 ہزار ٹن گندم کی ترسیل کا کام جاری ہے۔
وزیرِ اعظم نے خیبرپختونخوا کو آٹے کی فراہمی بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گندم کی ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، گندم کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔