کراچی: (دنیا نیوز) قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے حج آپریشن 2023ء کی تیاریاں مکمل کرلیں جس کے بعد پروازوں کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے، پی آئی اے اپنے بوئنگ 777 طیارے، ایئربس 320 کے ذریعے حج آپریشن کرے گی۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے 315 خصوصی حج اور شیڈول پروازوں سے 65 ہزارعازمین کو حجاز مقدس پہنچائے گی، پی آئی اے حج آپریشن 21 مئی سے 22 جون تک جاری رہے گا، حجاج کرام کی وطن واپسی 2 جولائی سے شروع ہوگی، 2 اگست تک حاجیوں کی وطن واپسی کا آپریشن جاری رہے گا۔
پی آئی اے کی پہلی حج پرواز پی کے 773 اکیس مئی کو کراچی سے مدینہ کیلئے روانہ ہوگی، اسلام آباد سے پی کے 741 تین سو سے زائد عازمین کو لے کر جدہ روانہ ہوگی، لاہور، اسلام آباد، سیالکوٹ، فیصل آباد، پشاور، رحیم یارخان اور کوئٹہ سے حج پروازیں آپریٹ ہوں گی۔
پی آئی اے جدہ اور مدینہ کیلئے اپنی حج پرواز آپریٹ کرے گی، پی آئی اے نے حج پرواز شیڈول وزارت مذہبی امور اور سعودی عرب کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کو فراہم کردیا ہے۔