لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ 60 ارب کے چور نے اپنی چوریاں چھپانے کیلئے نوجوان کارکنوں کو تخریب کار فورس بنایا، 9 مئی اصل میں نوجوان نسل اور پاکستان کو لڑانے کی مذموم سازش تھی۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی زیر صدارت ایم ایس ایف سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا جس میں مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن (ایم ایس ایف) کی پورے ملک میں تنظیم نو کے عمل پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں ایک ماہ کے عرصہ کے دوران 50 ہزار سے زائد طلباء و طالبات کی رجسٹریشن ہونا خوش آئند بات ہے، ایم ایس ایف نوجوان نسل کا ہراول دستہ ہے اور ارکان نظریہ پاکستان کے پرچم بردار ہیں، ایم ایس ایف کو فعال کرنے کا مقصد نوجوان نسل کو نظریاتی خطوط پر تربیت دینا ہے، چاہتی ہوں کہ ملک بھر میں اپنے بیٹوں اور بیٹیوں کو" تعمیر پاکستان فورس" بناؤں۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی نے کہا ہے نوجوانوں سے مستقبل کی قیادت سامنے لائیں گے، معاشرے کو تخریب کاری کے اثرات سے پاک کرنا ہے، 60 ارب کے چور نے اپنی چوریاں چھپانے کیلئے نوجوان کارکنوں کو تخریب کار فورس بنایا، ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت نوجوانوں کے ذہن میں زہر بھرا گیا، مٹھی بھر مسلح جتھوں کے ذریعے پاکستان پر حملے کیلئے نوجوانوں کو استعمال کیا گیا۔
مریم نواز نے کہا ہے کہ نوجوانوں کی تعلیم، صحت اور مثبت سرگرمیوں میں شرکت پاکستان کی ترقی کا راستہ ہے، خوف کا بُت خوف خدا اختیار کرنے سے ٹوٹتا ہے، شہیدوں کے مجسمے توڑنے سے نہیں، فتنے نے پورے ملک خاص طور پر نوجوانوں کو جھوٹ بول بول کر ورغلایا، ذہنوں میں نفرت کی زہریلی فصل کاشت کی، قوم خاص طور پر نوجوانوں کے ذہن میں تحمل، برداشت، علم و آگاہی کے بیج بونے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ یہ سمجھنا ہے کہ تخریب اور تعمیر کی قوتوں میں کیا فرق ہے، دہشت گردی اور احتجاج میں کیا فرق ہے، نوجوانوں کو کسی شرپسند، فتنہ پرور، سیاسی ٹھگ کی خواہشات کی بھٹی کا ایندھن نہیں بننے دیں گے، توشہ چور نے ملکی معیشت، کاروبار، نوجوانوں کا روزگار تباہ کیا، ان شاءاللہ قوم کے اتحاد، یکجہتی اور بھائی چارے کو مضبوط کریں گے، قوم کی تقسیم ختم کر کے امن اور برداشت واپس لائیں گے، معیشت بحال ہوگی، کاروبار پھر سے چلے گا، نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔