وجاہت حسین نے پی ٹی آئی چھوڑ کر ق لیگ میں واپسی کا اعلان کر دیا

Published On 22 May,2023 05:54 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما چودھری وجاہت حسین نے پی ٹی آئی کو چھوڑ کر مسلم لیگ (ق) میں واپسی کا اعلان کر دیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چودھری وجاہت حسین نے کہا کہ ہماری فیملی کا کبھی بھی ایسا رویہ نہیں رہا ہے، وقت نے ثابت کیا ہمارے خاندان سے کچھ فیصلے درست نہیں تھے، میں نے کبھی کوئی جماعت جوائن نہیں کی، آج تک میرا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں رہا۔

یہ بھی پڑھیں: فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، چودھری سرور

انہوں نے کہا کہ خاندان کے کچھ لوگ جو دوسری پارٹی میں ہیں ان کو خوش آمدید کہیں گے، چودھری شجاعت حسین کا بڑا دل ہے، آنے والے وقت میں پورے خاندان کو اکٹھا دیکھ سکیں گے، میری راہیں کبھی مسلم لیگ سے جدا نہیں ہوئیں۔

چودھری وجاہت حسین نے کہا کہ اس وقت پورا پاکستان 9 مئی کے واقعات اور فوجی تنصیبات پر حملوں کی مذمت کر رہا ہے، میرے اوپر بننے والے مقدمات فرضی تھے، ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، میرے خلاف مقدمات میرٹ پر چلیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کی چودھری شجاعت سے ملاقات، موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

انہوں نے کہا کہ میری بات سے اگر کسی کی دل آزاری ہوئی تو واپس لینے کو تیار ہوں، میرا مونس الہیٰ سے کافی عرصے سے کوئی رابطہ نہیں، مونس الہیٰ نے آج سے چھ ماہ پہلے کہہ دیا تھا آپس میں ملتے رہیں گے لیکن سیاست اپنی اپنی ہو گی، پرویز الہیٰ کو مشورہ ہے گھر واپس آجائیں اور اکٹھے چلیں، چودھری شجاعت میرے بڑے بھائی اور میرے والد کی جگہ ہیں۔

اس موقع پر چودھری شافع حسین نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں خاندان کو اکٹھے چلنا چاہیے تھا، جب خاندان میں "میں" آجائے تو پھر دراڑیں آجاتی ہیں، کیسز کے حوالے سے کسی کے ساتھ بھی زیادتی نہیں ہونی چاہیے، چودھری شجاعت حسین نے کل وزیراعظم سے 9 مئی کے واقعے کی مذمت کی، چودھری شجاعت حسین نے وزیراعظم سے کہا بجٹ میں عوام کو ریلیف دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: اہم سیاسی شخصیات پاکستان مسلم لیگ ق میں شامل

انہوں نے کہا کہ فیوچر میں الیکشن میں (ن) لیگ کےساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا پلان ہے، جو میرا وہی موسیٰ الہیٰ کا پلان ہے، یوتھ کوسوچنا چاہیے کون سچ اور کون جھوٹ بول رہا ہے، پاکستان میں سیاست روزانہ کی بنیاد پر تبدیل ہو رہی ہے، تحریک انصاف پر پابندی تو نہیں لگنی چاہیے، جو 9 مئی واقعات میں ملوث ہیں ان کو سزا ملنی چاہیے۔

Advertisement