لاہور: (دنیا نیوز) صدر پاکستان مسلم لیگ ق و سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین اور چیف آرگنائزر پاکستان مسلم لیگ چودھری سرور سے مختلف وفود نے ملاقات کی، ملاقات کےبعد اہم سیاسی شخصیات نے پاکستان مسلم لیگ ق میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
ملاقات میں جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ پنجاب چودھری شافع حسین اور چودھری ذوالفقار موجود تھے، معروف قانون دان میاں شکیل ٹھاکر نے وفد کے ساتھ چودھری شجاعت اور چودھری سرور سے ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیں: 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ: چودھری شجاعت حسین کا تحریک انصاف پر پابندی کا مطالبہ
چودھری شجاعت حسین کی جانب سے میاں شکیل ٹھاکر کو صدر ٹاسک فورس لیگل افیئرز و ترجمان ٹاسک فورس پاکستان مسلم لیگ مقرر کیا گیا، میاں فرید الدین جنرل سیکرٹری ٹاسک فورس لیگل افیئرز پاکستان مسلم لیگ ہوں گے، میاں شکیل ٹھاکر نے چودھری شجاعت حسین کو لیگل امور بارے بریفنگ بھی دی۔
قومی وطن پارٹی کے راولپنڈی و اسلام آباد میں ضلعی نائب صدر ڈاکٹر فضل دیان اور جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر میاں شیراز نے بھی ق لیگ میں شمولیت اختیار کر لی، دونوں کو لیگل ٹاسک فورس برائے ریفارمز کیلئے وائس چیئرمین کا عہدہ تفویض کیا گیا۔
تمام عہدیداران نے چودھری شجاعت حسین اور چودھری سرور کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف مشاورت سے چلتی تو اگلے 10 سال بھی اقتدار میں رہتی، چودھری سرور
اس موقع پر چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان میں پڑھے لکھے اور حقیقی معنوں میں تبدیلی کے خواہش مند افراد کی کمی نہیں، پاکستان مسلم لیگ ہر اس شخص کو خوش آمدید کہے گی جو ملک کیلئے مثبت کردار ادا کرنے کا جذبہ رکھتا ہے، 9 مئی کے کرداروں کو قرار واقعی سزا ملنی چاہئے۔
چودھری سرور نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ حقیقی معنوں میں جمہوری جماعت ہے، فوجی تنصیبات سمیت جناح ہاؤس پر حملہ کرنے والے شرپسند کسی رعایت کے مستحق نہیں، فوج نے تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کیا جو قابل ستائش ہے۔