وطن کی مٹی شہداء کے قیمتی خون کی مقروض ہے، محسن نقوی

Published On 24 May,2023 11:39 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ وطن کی مٹی شہداء کے قیمتی خون کی مقروض ہے، یوم تکریم شہداء قومی و ملی جذبے سے منایا جائے گا۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یوم تکریم پر اپنے شہداء اور ان کی فیملیز کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں گے، صوبائی وزراء اور حکام شہداء کی یادگاروں پر حاضری دیں گے اور پھول چڑھائیں گے، شہدائے وطن ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ قوم کے شہید ہیروز اوران کی یادیں ہمیشہ ہمارے دلوں پر نقش ہیں، آج ہم اس لئے محفوظ ہیں کیونکہ شہداء نے اپنی جانیں دی ہیں، شہداء نے اس آزادی کی حفاظت کی ہے جسے ہمارے اسلاف نے قائداعظمؒ کے زیر قیادت جدوجہد کے بعد حاصل کیا۔

یہ بھی پڑھیں: شرپسندوں کیخلاف سخت قوانین کے تحت کارروائی کرینگے: شہباز شریف

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو شرپسندوں کی جانب سے شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کر کے بھیانک فعل کا ارتکاب کیا گیا، شہدائے وطن کی یادگاروں کو نقصان پہنچا کر پاکستان کی اساس پر حملہ کیا گیا، شہداء کے عظیم خاندانوں سمیت پوری قوم نے ان واقعات پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہر موقع پر کھڑے رہیں گے، مہذب قومیں اپنے شہداء کو عزت و تکریم سے یاد رکھتی ہیں، قوم شہداء اور ان کے خاندانوں کی تکریم کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔
 

Advertisement