اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹر اعجاز چودھری کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کالعدم قرار دے دی گئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی سینیٹر اعجاز چودھری کی گرفتاری کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔
جسٹس گل حسن اورنگزیب نے دونوں جانب سے وکلا کے دلائل سننے کے بعد تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کالعدم قرار دے دی اور پولیس کو اعجاز چودھری کی رہائی کا حکم دے دیا۔
دوسری جانب ملیکہ بخاری اور علی محمد کی نظر بندی کے خلاف اور دوبارہ گرفتاری پر توہین عدالت کیس کی سماعت بھی جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی۔
وکیل درخواست گزار تیمور ملک ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ ملیکہ بخاری اور علی محمد خان کو ڈی سی پنڈی کے احکامات پر دوبارہ گرفتار کیا گیا، دونوں رہنماؤں کو تھری ایم پی او کے تحت ڈی سی پنڈی کے حکم پر گرفتار کیا گیا۔
جس پر عدالت نے کہا کہ پنڈی کا کیس ہمارے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، آپ اس سلسلے میں لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ سے رجوع کریں۔
بعدازاں عدالت عالیہ نے ہدایت کے ساتھ درخواستیں نمٹا دیں۔