پشاور: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں، عمران نیازی کے حکم پر جتھوں نے حملے کیے، اکسانے اور حملہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں،کارروائی کا آغاز ہو گیا ہے۔
گورنر ہاؤس خیبرپختونخوا میں وزیراعظم کے زیر صدارت سیاسی قائدین کا اجلاس ہوا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ 75 سال میں کسی کو ایسے واقعات کی جرات نہ ہوئی، سیاسی جماعتوں کے ورکرز احتجاج کرتے ہیں لیکن کبھی ایسا نہیں ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: 9 مئی کے واقعات میں ملوث عناصر کوقانون وآئین کے مطابق سزا ملے گی: وزیراعظم
انہوں نے کہا کہ کبھی کسی سیاسی جماعت کے ورکرز نے فوجی تنصیبات کی طرف رُخ نہیں کیا تھا، سویلین تنصیبات پر حملے میں ملوث افراد کے کیسز انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں چلیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے والوں کو قانون کے مطابق گرفت میں لیا جائے گا، تاریخی ورثوں کوتباہ کیا گیا، 9 مئی کے واقعات کا پاکستانی قوم پر گہرا اثرہوا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے جن ممالک پر پہلے الزام لگایا اب انہی سے مدد مانگ رہے ہیں، یہ عمران نیازی کا مکروہ چہرہ ہے۔