خیبرپختونخوا میں اتوار سےبارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان

Published On 26 May,2023 07:51 pm

پشاور: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا میں اتوار سےبارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے کی طرف سے گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور ژالہ باری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کر دی گئیں، ضلعی انتظامیہ چھوٹی بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنائے۔

پی ڈی ایم کی طرف سے جاری مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ کسان بارشوں کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی سرگرمیوں کے لیے مناسب انتظام کریں، تیز ہواؤں، ژالہ باری سے فصلوں کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ برساتی نالوں کی نگرانی کی جائے، کھڑی فصلوں اور مویشیوں پر پڑنے والے منفی اثرات سے آگاہی کو یقینی بنایا جائے، حساس علاقوں میں صوبائی اور قومی شاہراہوں پر مسافروں کو پیشگی خبردار کیا جائے۔

متعلقہ حکام بوقت ضرورت لوگوں کو محفوظ انتظار گاہوں میں منتقل کریں، بارشوں کے سپیل میں ہنگامی خدمات کے اہلکاروں کی دستیابی یقینی بنایا جائے، سیاح دوران سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ پی ڈی ایم اے، پی ای او سی کو صورتحال کے بارے میں بروقت آگاہ کیا جائے، بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے 31 مئی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
 

Advertisement