لاہور : ( دنیا نیوز ) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خسرو بختیار نے بھی پارٹی کو خیر باد کہہ دیا۔
سابق وفاقی وزیر کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات نے مجبور کر دیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے نظریے سے دور ہو جاؤں، میں اب پارٹی کے سیاسی فلسفے کے ساتھ نہیں چل سکتا۔
خسرو بختیار نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے پی ٹی آئی سے دوری اختیار کی ہوئی تھی، کور کمیٹی کی ممبرشپ اور جنوبی پنجاب کی صدارت بھی چھوڑ دی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک سال پہلے پارٹی قیادت کو بتا دیا تھا کہ اداروں سے محاذ آرائی نقصان دہ ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرا 25 سال کا تجربہ، مقامی، صوبائی اور قومی منصوبوں کے فرائض ادا کرنے پر محیط ہے، مجھے یقین ہے اب پاکستان کا مستقبل تقسیم اور محاذ آرائی کی سیاست میں ہرگز نہیں ہے۔
خیال رہے کہ 9 مئی کے بعد سے پاکستان تحریک انصاف کے کئی ارکان پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کرچکے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنماؤں ابرار الحق اور سینیٹر سیف اللہ نیازی نے بھی پارٹی سے راہیں جدا کر لیں۔
لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ابرار الحق نے کہا کہ شاید ہی کوئی ایسا ہو جس نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت نہ کی ہو، بچپن سے ہی والدین نے حب الوطنی کا درس دیا، شہداء کی کہانیاں سن کر فخر محسوس کرتے تھے۔
سینیٹر سیف اللہ نیازی نے بھی پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں تحریک انصاف چھوڑ رہا ہوں، مجھے اپنی فیملی اور صحت پر فوکس کرنا ہے، 9 مئی کے حملوں کی مذمت کرتا ہوں، اخلاقیات اور دین میں ایسے واقعات کی اجازت نہیں۔