لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے گھر کے سرچ وارنٹ منسوخ کرانے کے لیے انسدادِ دہشت گردی عدالت سے رجوع کر لیا۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے درخواست میں کمشنر لاہور، ڈی سی لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایا ہے۔
سابق وزیراعظم نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ دہشت گردی عدالت سے 18 مئی کو پولیس نے سرچ وارنٹ حاصل کیے، پولیس سمیت دیگر نے سرچ وارنٹ بدنیتی کی بنیاد پر حاصل کیے، جس مقدمے میں سرچ وارنٹ حاصل کیے گئے اس مقدمے میں درخواست گزار کا کوئی کردار نہیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ سرچ وارنٹ کے بعد درخواست گزار نے میڈیا کی موجودگی میں فریقین کو سرچ وارنٹ کی اجازت دی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ عدالت 18 مئی کو جاری سرچ وارنٹ کالعدم قرار اور غیر قانونی قرار دے۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی درخواست پر انسداد دہشتگردی عدالت نے نوٹسز جاری کرتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کر لیا۔