راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جتنے لوگوں نے پارٹی چھوڑی وہ نظریہ ضرورت کے تحت کئی بار پارٹیاں بدل چکے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک سرحدوں سے نہیں اندر سے ٹوٹتے ہیں، پاکستان میں چادر اور چاردیواری کی بے حرمتی سے لوگوں کے دل ٹوٹ چکے ہیں، جنہیں جوڑنے کی کوشش کرنی چاہیے، جب قوم حوصلہ ہار جاتی ہے تو ملک سیاسی، معاشی اور اقتصادی طور پر بیٹھ جاتے ہیں۔
آئی ایم ایف کے بغیر مصنوعی بجٹ تیار کیا جا رہا ہے ملک سرحدوں سے نہیں ٹوٹتے اندر سے ٹوٹتے ہیں پاکستان میں چادر اور چار دیواری کی بے حرمتی سے لوگوں کے دل ٹوٹ چکے ہیں جہنیں جوڑنے کی کوشیش کرنی چاہیے جب قوم حوصلہ ہار جاتی ہے تو ملک سیاسی معاشی اور اقتصادی طور پر بیٹھ جاتے ہیں
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) May 29, 2023
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ جتنے لوگوں نے پارٹی چھوڑی وہ نظریہ ضرورت کے تحت کئی بار پارٹیاں بدل چکے، نوازشریف خود تحریک استقلال اصغر خان رابطہ کمیٹی کے ممبر تھے، دست شفقت ملنے پر گیٹ نمبر 4 سے ایکسائز منسٹری ملی، شہباز شریف کے بارے میں اعجاز الحق کا تبصرہ ہی کافی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بمپر کراپس کہنے والے گندم خریداری کا 30 لاکھ ٹن شارٹ فال بتا رہے ہیں، میری اداروں سے درخواست ہے کہ ملک میں پھیلنے والی افواہوں کا سدباب کریں، ہر افواہ کے پیچھے کوئی سازش چھپی ہوتی ہے، آئی ایم ایف کے بغیر مصنوعی بجٹ تیار کیا جا رہا ہے۔
اداروں سےمیری درخواست ہے کہ ملک میں پھیلنے والی افاہوں کاسدباب کریں ہرافواہ کےپیچھے کوئی سازش چھپی ہوتی ہےہرمسلمان نمازمیں شہادت کی دعا مانگتاہےاورشہادت خوش نصیب کو ہی نصیب ہوتی ہےپارٹیاں چھوڑانے والے ان کو اس قابل چھوڑیں کہ آنے والے دنوں میں عوام کو منہ دیکھانے کے قابل رہیں
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) May 29, 2023
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ ہر مسلمان نماز میں شہادت کی دعا مانگتا ہے اور شہادت خوش نصیب کو ہی نصیب ہوتی ہے، پارٹیاں چھڑوانے والے ان کو اس قابل چھوڑیں کہ آنے والے دنوں میں عوام کو منہ دکھانے کے قابل رہیں۔