لاہور: (دنیا نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے جلاؤ گھیراؤ، عسکری ٹاور حملہ اور فائرنگ کے مقدمے میں پی ٹی آئی سینیٹر اعجاز چودھری کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعجاز چودھری کیخلاف جلاؤ گھیراؤ ، عسکری ٹاور حملہ اور فائرنگ کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔
سینیٹر اعجاز چودھری کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت پیش کیا گیا تھا، پولیس نے اے ٹی سی سے استدعا کی کہ ملزم سے موبائل فون کی برآمدگی اور مزید تفتیش کیلئے جسمانی ریمانڈ میں توسیع دی جائے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے پولیس کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سینیٹر اعجاز چودھری کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیدیا۔
پی ٹی آئی سینیٹر اعجاز چودھری کو 9 مئی کے پرتشدد واقعات کے بعد حراست میں لیا گیا تھا۔