لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز سے آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے موقع پر مریم نواز نے کورونا وبا کے دوران آسٹریلیا کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پاکستان کی مدد پر شکریہ ادا کیا جبکہ آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے مریم نواز کو پارٹی عہدہ ملنے پر مبارک پیش کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تاریخی شراکت داری رہی ہے، پاکستانی طالب علموں کی تعلیم کیلئے آسٹریلیا کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، تعلیم، ثقافت، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے خواہاں ہیں، آسٹریلیا میں موجود پاکستانی دونوں ممالک میں تعلقات کی مضبوطی کا ایک ذریعہ ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا دوطرفہ تجارت کا فروغ دونوں ممالک کے تعلقات کی مزید مضبوطی کا باعث بن سکتا ہے، کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں میں مشترکہ سرگرمیوں سے نوجوانوں کو بہتر ماحول فراہم ہوسکتا ہے، دونوں ممالک کو تجارت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔