اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری سے بچنے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں رہنما تحریک انصاف اسد قیصر نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد ہماری جماعت کے رہنماؤں کو تھری ایم پی او اور مختلف مقدمات میں گرفتار کیا گیا، میرے خلاف دو بے بنیاد مقدمات درج کیے گئے جن میں ضمانت لے رکھی ہے، خدشہ ہے کہ مجھے بھی تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کرلیا جائے گا۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سے تھری ایم پی او کے تحت کارروائی کی تفصیلات طلب کی جائیں، ڈپٹی کمشنر کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کا آرڈر جاری کرنے سے روکا جائے، گرفتاری مطلوب ہے تو بتایا جائے کہ کن وجوہات پر تھری ایم پی او کی کارروائی بنتی ہے۔