لاہور: (دنیا نیوز) کلمہ چوک پر کنٹینر جلانے کے کیس میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے میاں محمود الرشید کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔
پی ٹی آئی رہنما میاں محمود الرشید کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا، کیس کی سماعت جج عبہر گل خان نے کی، پولیس کی درخواست پر میاں محمود رشید کو ایک نئے مقدمہ میں جیل سے طلب کرایا گیا۔
دوران سماعت پولیس کی جانب سے سابق صوبائی وزیر کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے موقف اپنایا گیا کہ محمود الرشید سے تھانہ نصیر آباد کے مقدمہ میں تفتیش کرنی ہے، انہوں نے جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کیلئے کارکنان کو اکسایا ہے، عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے میاں محمود الرشید کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی ہدایت کر دی۔
یہ بھی پڑھیں: جی ایچ کیو حملہ: 18 ملزمان انسداد دہشتگردی کی عدالت پیش، 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
دوران سماعت میاں محمود الرشید نے روسٹرم پر اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ایک کے بعد دوسرے مقدمے میں گرفتار کیا جا رہا ہے، تمام مقدمات میں مجھے بدنیتی کی بنیاد پر ملوث کیا گیا ہے، واضح رہے کہ تحریک انصاف کے رہنما کیخلاف تھانہ نصیر آباد میں مقدمہ نمبر 1078/23 درج ہے جس میں ان پر کلمہ چوک پر کنٹینر نذر آتش کرنے کا الزام ہے۔