اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف سے پاکستان میں ترکیہ کے سفیر مہمت پاچاجی نے ملاقات کی، وزیر اعظم نے شاندار مہمان نوازی پر صدر طیب اردوان اور حکومت ترکیہ کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں نئی بننے والی کابینہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تاریخی تعلقات مشترکہ عقیدے اور باہمی احترام پر مبنی ہیں جبکہ عوام ایک دوسرے کیلئے بہت عزت و احترام رکھتے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ تجارت، سرمایہ کاری، اعلیٰ تعلیم، سیاحت، انفراسٹرکچر، ڈویلپمنٹ اور دیگر شعبوں کو فروغ دینے کے خواہشمند ہیں، پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کا موزوں ترین وقت ہے، ترک کمپنیوں کی اس حوالے سے گہری دلچسپی خوش آئند ہے، پاکستان ہائی لیول اسٹریٹجک کوآپریٹیو کونسل کے ساتویں اجلاس کیلئے ترک صدر کے دورے کا منتظر ہے۔