عیدالاضحیٰ کا دن مسلمانوں کو ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے : محسن نقوی

Published On 29 June,2023 09:56 am

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے تمام ہم وطنوں کو دل کی گہرائیوں سے عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید کا دن مسلمانوں کو ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے۔

عیدالاضحیٰ کے موقع پر اپنے پیغام میں محسن نقوی نے کہا حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنے پیارے فرزند حضرت اسماعیل علیہ السلام کو اللہ تعالی کے حکم پر قربانی کیلئے پیش کر کے عظیم مثال قائم کی، خلق خدا کی خدمت، نادار، بے سہارا اور یتیموں کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہی عید کا پیغام ہے۔

نگران وزیر اعلی پنجاب نے کہا عید قربان پر جھوٹ، منافقت اور غیبت کو ہمیشہ کیلئے قربان کرنے کا عہد کرنا ہو گا ، قیام امن کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہدا کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، شہدا کے اہل و عیال کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنا ہماری اجتماعی قومی ذمہ داری ہے۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ بحیثیت قوم باہمی رنجشیں اور اختلافات کو فراموش کر کے اخوت اور محبت کے جذبے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، آج کا دن اپنی ذات کی نفی، ذاتی انا اور مفادات کی قربانی دے کر ایثار، بھائی چارے اور اتحاد کے جذبے سے سرشار ہو کر ملک کی ترقی کیلئے کام کرنے کا پیغام دیتا ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ عید کے پرمسرت اور بابرکت موقع پر ہمیں دکھی اور لاچار انسانیت کی خدمت کو اپنی زندگی کا شعار بنانے کا عہد کرنا ہو گا۔