لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لائیو سٹاک اور ڈیری ڈویلپمنٹ میں بہتری کا پلان طلب کر لیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت لائیو سٹاک اور ڈیری ڈویلپمنٹ کے حوالے سے خصوصی اجلاس ہوا جس میں گوشت اور پولٹری انڈسٹری کے فروغ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کا فیصلہ کیا گیا، وزیراعلیٰ نے میٹ ایکسپورٹ کے حوالے سے جامع پالیسی مرتب کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بیف، مٹن اور پولٹری انڈسٹری کے فروغ میں رکاوٹیں دور کی جائیں گی اور بہاولپور ڈویژن کو میٹ ڈویژن قرار دیا جائے گا، اجلاس میں فواد مختار، نوید اقبال، پروفیسر طلعت نصیر پاشا نے بریفنگ دی اور تجاویز پیش کیں۔
اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں گوشت اور پولٹری کی ایکسپورٹ سے اربوں ڈالر زرمبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے، سیمن پروٹیکشن، فارم مینجمنٹ اور ویکسی نیشن کے جدید طریقہ کار اپنانے ضروری ہیں، ایکسپورٹ کیلئے لائیوسٹاک پروڈکشن کی حلال سرٹیفکیشن اور ٹریس ایبلٹی لازمی امر ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب سعودی عرب اور چین کو اربوں ڈالر کی لائیو سٹاک اورڈیری پروڈکٹس ایکسپورٹ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، پولٹری انڈسٹری کو میکانائزیشن کی طرف لے جانا ہوگا۔
صوبائی وزیر ابراہیم حسن مراد، چیف سیکرٹری، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، سیکرٹری خزانہ اور متعلقہ حکام اجلاس میں شریک تھے، معروف بزنس مین سید یاور علی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔