بچوں کے علاج کیلئے جدید سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے، محسن نقوی

Published On 23 June,2023 06:19 pm

ملتان: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ چلڈرن ہسپتال ملتان میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بچوں کے علاج معالجے کیلئے جدید ترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ملتان چلڈرن ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مختلف وارڈز میں زیر علاج بچوں کی عیادت کی، محسن نقوی نے ایمرجنسی وارڈ میں داخل بچوں کے لواحقین سے علاج معالجے کی سہولیات بارے استفسار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: شرپسند عناصر کو کچے کے علاقے میں دوبارہ پنپنے نہیں دینگے، محسن نقوی

چلڈرن ہسپتال میں ایک بیڈ پر چار، چار بچوں کے علاج اور طبی سہولیات کے فقدان پر لواحقین نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے سامنے شکایات کے انبار لگا دیے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے چلڈرن ہسپتال میں بیڈز کی تعداد بڑھانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ہر بچے کا علاج علیحدہ بیڈ پر ہونا چاہیے، ہسپتال میں طبی سہولتوں کو خوب سے خوب تر بنایا جائے۔

نگران وزیراعلیٰ نے تیمارداروں کیلئے بنی انتظار گاہوں کا بھی معائنہ کیا اور وہاں پنکھے، ایئر کولرز لگانے کی ہدایت کی، محسن نقوی نے مریضوں کے ساتھ آنے والے لوگوں کو انتظار گاہوں میں بہتر سہولتیں فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔