لکی مروت میں پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف کریک ڈاؤن شروع، متعدد گرفتار

Published On 07 July,2023 10:58 am

لکی مروت: (دنیا نیوز) لکی مروت میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا گیا۔

صبح سویرے پی ٹی آئی ضلعی صدر جوہر خان اور نائب صدر عرب خان کے گھر پر پولیس نے چھاپہ مارا لیکن وہ گھر پر موجود نہیں تھے۔

اسی طرح پی ٹی آئی تحصیل لکی مروت کے صدر ڈاکٹر اقبال مروت کے گھر پر بھی چھاپہ مار کر انہیں گرفتار کرلیا گیا۔

پی ٹی آئی رہنماء اور چیئرمین پی ٹی آئی کے پرائیویٹ سکیورٹی گارڈ شریف اللہ کے گھر بھی چھاپہ مارا گیا لیکن وہ گھر پر موجود نہیں تھے تاہم پولیس ان کے بڑے بھائی کو اپنے ساتھ لے گئی۔

درجنوں پولیس اہلکاروں نے شریف اللہ کے بھائی کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا جب کہ دیگر کارکنوں کے خلاف بھی چھاپے جاری ہیں۔