اسلام آباد: (عدیل وڑائچ) زراعت کے بعد آئی ٹی کے شعبے میں انقلاب لانے کیلئے سپیشل انوسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل کے دوسرے باب کا آغاز ہو گیا ہے۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری لانے کے حوالے سے پلان تیار کر لیا گیا ہے جسکے تحت آئندہ 3 برسوں میں آئی ٹی ایکسپورٹس 20 ارب ڈالرز تک جا سکیں گی جبکہ اس سیکٹر میں 10 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری پاکستان میں آئے گی۔
آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاری لانے کیلئے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں قومی سیمینار کی صورت میں ایک میگا ایونٹ کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جس میں عالمی مندوبین ، سفارتکار، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیاں اور انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات شریک ہونگی۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اس تقریب میں خصوصی شرکت کرینگے، ملکی اور غیر ملکی مندوبین کی جانب سے تقریب میں شرکت کی تصدیق بھی کر دی گئی ہے، پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے پوٹینشل پر صورتحال دنیا کے سامنے رکھی جائے گی۔
آئی ٹی جیسی منافع بخش انڈسٹری کو درپیش مسائل کو دور کرنے کے حوالے سے اہم اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے جسکے تحت گزشتہ کئی دہائیوں سے رائج پالیسیوں اور طریقوں کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔
پاکستان کی آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن انڈسڑی اس میگا ایونٹ کے حوالے سے بہت پر امید ہے جس میں سیاسی و عسکری قیادت کی شرکت نہ صرف ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کا باعث بنے گی بلکہ پاکستان میں آئی ٹی سیکٹر کو تاریخ میں پہلی مرتبہ وہ سہولیات اور سائل مہیا کیئے جائیں گے جسکا یہ سیکٹر حقدار ہے۔