ڈیرہ اسماعیل خان: (دنیا نیوز) وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی نے انکشاف کیا ہے کہ نگران وزیر اعظم کیلئے پانچ پانچ نام پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی کمیٹی نے شیئر کر دئیے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ (ن) لیگ بل براہ راست پارلیمنٹ میں لائی، ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا جس کی وجہ سے رضا ربانی نے احتجاجاً واک آؤٹ کیا، پیپلز پارٹی نگران حکومت کو منتخب حکومت جیسے اختیارات دینے کے حق میں نہیں۔
وزیر مملکت برائے تخفیف غربت نے مزید کہا ہے کہ نگران حکومت کا کام صرف الیکشن کرانا ہے، لیڈر شپ اور دیگر پارٹیوں سے مشاورت کے بعد نگران وزیر اعظم بنے گا، قانونی طور پر شہباز شریف نگران وزیر اعظم کی تعیناتی کیلئے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض سے مشاورت کے پابند ہیں۔
پیپلز پارٹی کے ترجمان فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے جس رفتار سے ڈیرہ اسماعیل خان میں منصوبوں کے افتتاح کیے، اب فنڈز بھی اسی رفتار سے ریلیز کر دیں تاکہ ہمیں یقین آ جائے کہ شہباز شریف کے افتتاح سیاسی اور انتخابی نہیں بلکہ حقیقت تھے۔