لاہور: (دنیا نیوز) انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے عشرہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے بہترین انتظامات پر پولیس فورس کو شاباش دی ہے۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس فورس نے عشرہ محرم کے دوران 35 ہزار 919 مجالس، 9092 عزاداری جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے وائرلیس پیغام میں سی سی پی او لاہور سمیت صوبے کے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کی کارکردگی کو سراہا۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں حالات پُرامن رہے، کسی بھی جگہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، وزیر اعلیٰ محسن نقوی، صوبائی وزرا، مشیران، علاقائی نمائندوں نے سکیورٹی انتظامات میں پنجاب پولیس کو بہترین رہنمائی فراہم کی۔
یہ بھی پڑھیں: یوم عاشور: لاہور، کراچی، کوئٹہ سمیت ملک بھر کے مرکزی جلوس اختتام پذیر
انہوں نے کہا کہ جانفشانی سے فرائض سر انجام دینے پر سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی سمیت پنجاب پولیس کے تمام آپریشنل یونٹس تحسین کے مستحق ہیں۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس کو عشرہ محرم الحرام کے مقدس پروگراموں کی سکیورٹی یقینی بنانے میں پاک فوج اور رینجرز کا تعاون حاصل رہا، شہریوں، مختلف مکاتبِ فکر کے علما کرام، اداروں اور میڈیا کے بھر پور تعاون پر شکرگزارہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے افسران و اہلکار مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ کام جاری رکھیں۔