گرفتاری کا خوف، اسد قیصر نے خود کو پشاور ہائیکورٹ میں محصور کر لیا

Published On 04 August,2023 02:52 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے گرفتاری کے خوف سے خود کو پشاور ہائیکورٹ میں محصور کر لیا۔

سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ تمام مقدمات میں ضمانت کے باوجود پولیس کی بھاری نفری پشاور ہائیکورٹ میں موجود ہے، مجھ سمیت تحریک انصاف کے ایم این اے 2 گھنٹے سے پشاور ہائیکورٹ میں محصور ہیں جبکہ صوابی سے سابق ایم پی اے حاجی رنگیز خان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

سابق ایم پی اے رنگیز خان کو ضمانت کے بعد ہائیکورٹ سے باہر نکلتے ہی گرفتار کر لیا گیا، رنگیز خان کو اینٹی کرپشن ڈپارٹمنٹ نے گرفتار کیا۔

انصاف لائرز فورم (آئی ایل ایف) کے وکلاء شاہ فیصل اتمانخیل اور دیگر جسٹس اعجاز انور کی عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود رنگیز خان کو گرفتار کیا گیا جبکہ دیگر کی گرفتاری کی کوشش ہو رہی ہے۔

عدالت نے سی سی پی او پشاور کو پیش ہونے کا حکم جاری کیا جس پر ایس ایس پی کوآرڈی نیشن پشاور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے اور بتایا کہ سی سی پی او پیش نہیں ہو سکتے کیونکہ وہ شہداء تقریبات میں مصروف ہیں۔

پشاور ہائیکورٹ نے کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود بھی آپ لوگوں نے گرفتاری کی، باہر پولیس ہماری سکیورٹی کے لیے نہیں گرفتاریوں کے لیے آئی ہے۔