خواتین کو قومی دھارے میں شامل کئے بغیر ترقی ممکن نہیں ہے: مریم نواز

Published On 07 August,2023 06:37 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) نے پنجاب کے تمام اضلاع میں یوتھ خواتین کوارڈینیٹر مقرر کر دیں، پارٹی کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے نامزد خواتین میں نوٹیفکیشن تقسیم کئے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ خواتین کو قومی دھارے میں شامل کئے بغیر حقیقی قومی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، پاکستان مسلم لیگ (ن) اس حقیقت سے نہ صرف بخوبی آگاہ ہے بلکہ اس جماعت نے خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں زندگی کے مختلف شعبوں میں منظم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح پر خواتین کوارڈینیٹرز کی تقرری بھی پارٹی کے جمہوری ویژن کی عکاس ہے، مسلم لیگ (ن) ملک کی حقیقی جمہوری سیاسی جماعت ہے جس نے اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنے اور ہر شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کئے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر نے مزید کہا کہ نواز شریف کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے خواتین کی قومی دھارے میں شمولیت کو یقینی بنایا، آج مسلم لیگ (ن) نے پنجاب کے تمام 36 اضلاع میں پارٹی کی کوارڈینیٹرز مقرر کر کے سیاست میں خواتین کی اہمیت پر مہر ثبت کر دی ہے۔