اسلام آباد: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات بے نتیجہ ختم ہو گئی، نگران وزیر اعظم کے لئے ناموں پر آج مذاکرات کا دوسرا دور ہوگا۔
وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے کہا کہ وزیراعظم کی ایڈوائس پر کل صدر نے اسمبلی تحلیل کر دی ہے، تین دن کے اندر میں نے اور وزیراعظم نے اس پر مشاورت کرنی ہے، اس پر وزیراعظم سے ایک گھنٹہ ملاقات ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے تین نام دئیے گئے، آج تک وزیراعظم سے وقت مانگا ہے اور وزیراعظم کے ناموں پر غور کروں گا، آج وزیراعظم سے دوبارہ ناموں پر مشاورت ہو گی۔
راجہ ریاض نے کہا کہ سب عزت دار لوگ ہیں، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ نام فائنل ہونے سے پہلے نام ڈسکلوز نہیں کریں گے، آج امید کی جارہی ہے کہ نام فائنل ہو جائیں گے، آج فیصلہ نہ ہونے کی صورت میں کل بھی مشاورتی سیشن ہوگا۔